پاکستانی اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے اپنی پہلی شادی میں شوہر کی جانب سے بدترین تشدد کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
جگن کاظم نے حال ہی میں ایک پوڈ کسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی کے حوالے بات کی اور اپنے ساتھ پیش آئے تشدد کی کہانی سے پردہ اٹھایا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے پسند کی شادی کی اور شادی کے تیسرے ہفتے ہی شوہر نے ہاتھ اٹھایا تھا، جسمانی طور پر زیادتی اور تشدد کا سلسلہ ڈیڑھ سال تک جاری رہا۔
جگن کاظم نے کہا کہ پہلی انتباہی علامات کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، یہ سب گالیوں سے شروع ہوتا ہے اور جب شوہر پہلی بار ہاتھ اٹھائے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا، میں فیصلہ کرسکتی تھی لیکن میں بےوقوف تھی۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس دوران نور مخدوم کا کیس چل رہا تھا، میرے گھر والے اس بارے میں بات کرتے تھے لیکن میں چپ رہی کیونکہ میں وائرل ہونا نہیں چاہتی تھی لیکن وہ میرے لیے بہت خوفناک وقت تھا، میں سوچتی تھی کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے گا، جو بعد میں نور مخدوم کے ساتھ ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں 7 ماہ کی حاملہ تھی جب میرے سابق شوہر نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھٹے کپڑوں میں گھر سے باہر پھینک دیا، اللہ بھلا کرے ان پڑوسیوں کا جنہوں نے مجھےچادر لاکر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے بیٹے حمزہ کی پرورش میرے دوسرے شوہر فیصل نے کی ہے۔
واضح رہے اداکارہ جگن کاظم نے دوسری شادی سال 2013 میں فیصل نقوی کے ساتھ کی تھی۔