خلیل الرحمان قمر کے اغواء میں ملوث 12 ملزمان گرفتار

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغواء میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے ڈی ایس پی چوہدری فیصل شریف کے ہمراہ لاہور میں اہم پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ماڈل ٹاؤن کے ڈی ایس پی چوہدری فیصل شریف کی ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے معروف ڈرامہ نگار و ہدایتکار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ہونے والی واردات کے چند گھنٹوں بعد ہی ملزمان کو ٹریس کرلیا۔

او سی یو ماڈل ٹاؤن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث 12 ملزمان گرفتار کر لیے، گرفتار ملزمان میں آمنہ عروج، ممنون حیدر، ذیشان قیوم، جاوید اقبال، تنویر احمد، فلک شیر، قیصرعباس، رشید احمد، میاں خان، بابرعلی، شمائل بی بی اور مریم شہزادی شامل ہیں۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون کو بھی گرفتار کرلیا گیا جس سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، وائرلیس سیٹ، جدید رائفلیں، پسٹلز اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

واردات میں ملوث ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی،IT ایکسپرٹس، پبلک ریلیشن اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا۔

4

پریس کانفریس میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمان کی درخواست پر اغواء اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ سندر لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ملزمان ڈرامہ نگار کو اغواء کرکے 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے رہے، تاوان کی رقم نہ دینے پر خلیل الرحمان کو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنایا۔