پی ٹی آئی پر پابندی کی تیاری، آج وفاقی کابینہ سے منظوری لیے جانے کا امکان

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا جس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حوالے سے منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ بنوں اور جرمنی کے واقعات بھی زیر غور آئیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے حوالے سے منظوری لی جائے گی، اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی بھی منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان نے ملاقات کی جس میں مخصوص نشستوں کی پی ٹی آئی کو الاٹمنٹ اور سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل پر مشاورت کی گئی۔

وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو پی ٹی آئی پر پابندی اور دیگر فیصلوں سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ بھی دی، شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سمیت تمام حکومتی اتحادیوں کو قانونی حکمت عملی میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ گرفتاری سے قبل کارکنوں کو جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کرنے کی کال دی تھی، نو مئی کے مقدمات میں بھی میرے خلاف وعدہ معاف گواہ تیار کئے جا رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا ہے کہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی، میں کسی سے معافی نہیں مانگوں گا، وفاق، پنجاب اور کے پی میں اپنے ممبران پارلیمنٹ کو بھوک ہڑتال کرنے کا کہوں گا، بنوں واقعہ پر جوڈیشل کمیشن قائم کر کے حقائق کا تعین کیا جائے۔