مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ آپریشن عزمِ استحکام پرحکومت نےجو کنفیوژن پھیلائی اس سے بے چینی پیدا ہوئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ بنوں واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنادیا ہے، اعلیٰ اختیاراتی کمیشن سب لوگوں سے مل کر رپورٹ بنائے گا۔
ترجمان کے پی حکومت نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی پتاچلے گا کہ کس نے جان بوجھ کر کیا کردارادا کیا۔
انہوں نے کہا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ میں جس انتشاری ٹولے کی بات کی گئی، اس کا اشارہ پی ٹی آئی کی طرف تھا، اس طرح سے قبل از وقت مؤقف دینے اور تحریک انصاف پر الزام لگانے سے تحقیقات متاثر ہوں گی۔
انہو نے کہاکہ عزم استحکام سے متعلق وفاقی حکومت کی سب سے بڑی غلطی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کا بیان تھا، جس میں فوجی آپریشن کا تاثر دیا گیا، جس سے بے چینی پیدا ہوئی۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط لابی ہے جوچاہتی ہے کہ عزم استحکام کے اغراض مقاصد پورے نہ ہوں، عزم استحکام پرسیاست کی جارہی ہے، کیوں ایک مافیا، سیاسی مافیا اور غیرقانونی مافیا کھڑا ہوگیا اورکہنے لگا اس کو ہم نے ہونے نہیں دینا؟ یہ سیاسی مافیا چاہتا ہے کہ عزم استحکام کومتنازعہ بنایا جائے۔