ابھرتے ہوئے مقبول اداکار خاقان شاہنواز کی جانب سے مزاحیہ ٹی وی شو کے دوران شریک میزبان لڑکی سے اظہار محبت کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
خاقان شاہنواز حال ہی میں دنیا ٹی وی کے پروگرام مذاق رات میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت محبت کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران شریک میزبان عائشہ نے جب خاقان شاہنواز سے پوچھا کہ ان پر تو پورے پاکستان کی لڑکیاں مرتی ہیں لیکن وہ کس پر مرتے ہیں اور ان کا کرش کون ہے؟
اس پر خاقان شاہنواز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں سوال کرنے والی پر کرش ہے!
خاقان شاہنواز کی جانب سے اپنا کرش قرار دیے جانے پر شریک میزبان عائشہ شرما گئیں اور انہوں نے ہاتھوں سے اپنے چہرے کو چھپا لیا جب کہ حال میں موجود شائقین نے تالیاں بجائیں۔
خاقان شاہنواز کی جانب سے ٹی وی شو کی شریک میزبان کو اپنا کرش قرار دیے جانے پر پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے بھی تالیاں بجائیں اور اس پر مسکراتے رہے۔
خاقان شاہنواز کی جانب سے عائشہ سے پروگرام کے دوران اظہار محبت کیے جانے اور انہیں اپنا کرش قرار دیے جانے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ان کے بیان کو جہاں فحاشی قرار دیا، وہیں زیادہ تر افراد نے خاقان شاہنواز کی بات سے اتفاق بھی کیا اور لکھا کہ شریک میزبان عائشہ واقعی خوبصورت ہیں۔
بعض افراد نے لکھا کہ ٹی وی میزبان کو بھی اداکار پر کرش ہوگیا ہوگا، اس لیے انہوں نے ایسا سوال کیا اور اداکار نے بھی سیدھا جواب دیا۔
صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ خاقان شاہنواز کا جواب سن کر عائشہ کا ری ایکشن لاجواب تھا جب کہ کچھ افراد نے لکھا کہ اداکار نے عائشہ کا دل رکھنے کے لیے ایسا جواب دیا۔