پشاور:رقم کا تنازع ، 8 بچوں اور خواتین کو قتل کرنیوالا ملزم سندھ سے گرفتار

پشاور: بڈھ بیر میں 4 کمسن بچوں اور 4 خواتین کے بہیمانہ قتل کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی جس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بڈھ بیر میں 8 افراد کے قتل  کیس میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی جہاں واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزم یار محمد کو سندھ سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو قتل کیا تھا، مقتولین میں 4 کمسن بچے اور 4 خواتین شامل تھیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ملزم نے واردات کی وجہ رقم کا تنازع بتایا جب کہ ملزم سے مزید تفتیش بھی جاری ہے جس میں مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جب کہ ملزم کے 6 دیگر ساتھی پہلے سے  ہی گرفتار ہیں۔