اسکرین پر فواد خان صرف ماہرہ خان کیساتھ ہی اچھے لگتے ہیں، صنم سعید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ اسکرین پر فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی دیکھ کر جادو سا احساس ہوتا ہے جبکہ میرے اور فواد کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا۔

حال ہی میں صنم سعید نے برطانوی نشریاتی ادارے ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی کی تعریف کرتے ہوئے اُنہیں بہترین قرار دیا۔

صنم سعید نے کہا کہ جب فواد خان اور ماہرہ خان اسکرین پر ساتھ نظر آتے ہیں تو اُن کا رومانس دیکھ کر لوگوں کو جادو سا احساس ہوتا ہے، یہ دونوں محبت کے کرداروں میں ہی اچھے لگتے ہیں جبکہ میں فواد کے ساتھ اسکرین پر اچھی نہیں لگتی۔


اداکارہ نے کہا کہ ماہرہ خان اور فواد خان دونوں ہی خوبصورت ہیں، اسی وجہ سے اُن کی جوڑی بھی سب کو بےحد پسند آتی ہے جبکہ میرے لیے یہ لازمی نہیں کہ میں ہمیشہ فواد خان کے ساتھ محبت کے کردار میں ہی نظر آؤں۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ میں اور فواد 12 سال بعد دوبارہ اسکرین پر ایک ساتھ کام کررہے ہیں، وقت اتنی تیزی سے گزر گیا کہ مجھے احساس ہی نہیں ہوا۔

صنم سعید نے مزید کہا کہ میں ایک اداکار ہوں اور مجھے ہر طرح کے کردار کرنے ہوتے ہیں تو میں دیکھنے والوں سے یہی کہنا چاہوں گی کہ ہر اداکار ہر بار محبت کے کردار میں نظر نہیں آسکتا۔

واضح رہے کہ صنم سعید اور فواد خان نے بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ کے ذریعے ایک ساتھ اسکرین پر واپسی کی ہے، اس سیریز کو گزشتہ ہفتے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا تھا۔

‘برزخ’ میں فواد خان اور صنم سعید نے سوتیلے بہن بھائی کا کردار ادا کیا ہے، سیریز میں دونوں کی شاندار اداکاری کو پاکستان سمیت بھارتی مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل سال 2012 میں فواد خان اور صنم سعید بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘زندگی گلزار ہے’ میں میاں بیوی کے کردار میں نظر آئے تھے۔