الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست اپ ڈیٹ کرکے جاری کردی، دیگر جماعتوں میں تبدیلیاں اپ ڈیٹ کردی ہیں مگر پی ٹی آئی کے چیئرمین کا نام اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی تازہ فہرست جاری کردی جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں 166 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی انتخابات تسلیم کرلیے، میاں محمد نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کرلیے۔
الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے انٹراپارٹی انتخابات تسلیم کرلیے، نوازشریف ہی مسلم لیگ ن کے صدر ہیں جبکہ نوازشریف بلامقابلہ مسلم لیگ ن کے صدرمنتخب ہوئے تھے۔
اسی طرح الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے انٹرپارٹی الیکشن تسلیم کرلیے۔
الیکشن کمیشن نے کئی سیاسی جماعتوں کے نئے پارٹی صدر یا چئیرمین کے نام بھی اپ ڈیٹ کر دیے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی چئیرمین کا نام تاحال اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ، جماعت اسلامی کے امیر نعیم الرحمان خان کا نام بطور پارٹی سربراہ اور محمود خان کا نام بطور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین اپ ڈیٹ کردیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا نام بطور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین موجود ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کا نام بطور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی شامل ہے۔
اس کے علاوہ اسفندیار ولی خان کا نام تاحال بطور صدر عوامی نیشنل پارٹی موجود ہے اور پاک سر زمین پارٹی بھی رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ 16 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کر دی جس میں پاکستان تحریک انصاف کا نام بھی شامل تھا۔
پس منظر
پی ٹی آئی نے 9 جون 2022 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے تھے جس کیس کو الیکشن کمیشن نے تقریباً ڈیڑھ سال تک گھسیٹنے کے بعد نومبر 2023 میں کالعدم قرار دے دیا تھا۔
23 نومبر 2023 کو جاری حکم میں الیکشن کمیشن نے سابق حکمران جماعت کو اپنے انتخابی نشان بلے سے محروم نہیں ہونے کے لیے نئے انتخابات کروانے کے لیے 20 دن کا وقت دیا۔
الیکشن کمیشن کا حکم ایک ایسے وقت میں آیا جب عام انتخابات میں تقریباً دو ماہ باقی تھے اور سیاسی جماعتیں ملک بھر میں اپنی انتخابی مہم تیزی سے چلا رہی تھیں۔
اپنے مشہور انتخابی نشان کو برقرار رکھنے کے لیے بے چین پی ٹی آئی نے 10 دن سے بھی کم وقت لیا اور 2 دسمبر 2023 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے گئے۔
22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد ایک سیاسی جماعت کے اندرونی کام کی نوعیت کا پہلا خوردبینی جائزہ لیا گیا اور اسے آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لیے وفاقی الیکشن کمشنر کا تقرر نہیں کر سکتے تھے۔
کمیشن کے فیصلے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو آزاد حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لینا پڑا اور پارٹی کو اس سال 3 مارچ کو تیسری بار اپنا انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرنا پڑا۔
تاہم الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر انتخابی مشق پر اعتراضات اٹھائے اور اعتراضات کی تفصیلات بتائے بغیر ہی معاملہ سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
پی ٹی آئی کے اعتراضات پر کمیشن نے بالآخر ان کے ساتھ ایک سوالنامہ شیئر کیا جس میں پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں اور تنظیمی ڈھانچہ اور انتخابی نشان کھونے کے بعد پارٹی کی حیثیت پر سوال اٹھایا گیا۔
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے پوچھے گئے 7 سوالات کے تفصیلی جواب جمع کرائے تھے، جس میں الیکشن باڈی پر زور دیا گیا تھا کہ وہ تازہ ترین انٹرا پارٹی انتخابات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے، پارٹی کے وفاقی چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی ایک موجودہ اور فعال سیاسی جماعت ہے جو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 202 کے تحت الیکشن کمیشن میں درج ہے۔