اسلام آباد: حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
عابد زبیری، شفقت محمود، شہاب سرکی، اشتیاق احمد خان، منیر کاکڑ و دیگر کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کو اختیارات کی تقسیم اور عدلیہ کی آزادی کے خلاف قرار دیا جائے۔ وفاقی حکومت کو آئینی ترمیم سے روکا جائے، مجوزہ آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدلیہ کی آزادی، اختیارات اور عدالتی امور کو مقدس قرار دیا جائے۔ پارلیمنٹ عدلیہ کے اختیار کو واپس یا عدالتی اختیارات میں ٹمپرنگ نہیں کر سکتی۔
درخواست میں وفاق، چاروں صوبوں، قومی اسمبلی، سینیٹ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔