پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور: پی ٹی آئی کارکنوں کی رہائی کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے آج لاہور میں جلسے سے قبل تمام نظربندیوں کے احکامات کو کالعدم قرار دینے کے لیے متفرق درخواست سابق رکن صوبائی اسمبلی زینب عمیر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کی نظر بندیوں کے احکامات جاری ہوئے، نظر بندیوں کے احکامات قانون اور آئین کے منافی ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نظر بندیوں کے احکامات کو فوری کالعدم قرار دے اور نظر بند تمام افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔