26ویں آئینی ترمیم؛ قومی اسمبلی اجلاس 17اکتوبر کو طلب کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس میں 26ویں آئینی ترمیم پر بحث کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں کافی حد تک ہم آہنگی پیدا ہوچکی ہے جبکہ حکومتی ٹیم کی جانب سے مختلف جماعتوں سے ملاقات بھی جاری ہیں۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے پر حتمی مذاکرات جاری ہیں، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی۔


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں نواز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

گزشتہ روز، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے مسودے پر اعتراض کیا تھا کیونکہ حکومت کے مسودے سے عدلیہ اور عوام کے حقوق تباہ ہو جاتے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس  لے لی گئیں اور امید ہے ہمارے مطالبات قبول کر لیے جائیں گے۔