اسموگ کی بگڑتی صورتحال: حکومتی اقدامات سے مایوس 3 سالہ بچی نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اسموگ کی بگڑتی صورت حال پر لاہور کی ایک 3 سالہ بچی نے حکومتی اقدامات سے مایوس ہو کر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن کی عدالت میں 3سالہ امل سکھیرا کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

 امل سکھیرا  نے  بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے درخواست دائر کی، درخواست میں نشاندہی  کی گئی کہ  ایئر کوالٹی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، محکمہ ماحولیات اور  پنجاب حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہیں، آئین کے آرٹیکل 99 اے کے تحت حکومت شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول دینے کی پابند ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت آئین میں دیےگئے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کر پارہی، رپورٹس کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سےاوسطاً عمر میں ساڑھے 5 برس کی کمی واقع ہوئی ہے، موٹر سائیکلوں سے نکلنے والا دھواں اسموگ کا سبب بن رہا ہے،لیکن سڑکوں پر دھواں چھوڑتی موٹر سائیکلیں بغیر فٹنس ٹیسٹ کے رواں دواں ہیں، استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کو دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

بچی نے درخواست میں نشاندہی کی ہےکہ اس نے اپنے دوستوں ،کلاس فیلوز  اور آئندہ نسل کی بہتری کےلیے درخواست دائر کی ہے، بچے اور  بزرگ فضائی آلودگی سے بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

عدالت نے سیکرٹری ماحولیات اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔