اخراجات کی ادائیگی کی تصدیق پر پی ٹی آئی کنونشن سینٹر ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا گیا

اسلام آ باد:

کنونشن سینٹر میں پی ٹی آئی کی تقریب کے اخراجات کی تصدیق کے بعد آئینی بینچ نے ازخود نوٹس کیس بھی نمٹا دیا۔

ازخود نوٹس سماعت کی سماعت کے آغاز پر آئینی بینچ نے اٹارنی جنرل آفس سے جواب طلب کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مختصر وقفے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کیا۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب اس معاملے پر شاید واجبات بعد میں ادا کر دیے گئے تھے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سوموٹو کیس میں سابق وزیر اعظم کو بھی نوٹس کیا گیا تھا اور جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کنونشن سینٹر کو ادارہ کی پالیسی کے مطابق چلائیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے واجبات ادائیگی کی معلومات لے لینے دیں۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ معلومات لیں اور ہمیں کچھ دیر میں بتا دیں۔

وقفے کے بعد کیس کی سماعت ہوئی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کنونشن سینٹر میں پی ٹی آئی کی تقریب کے اخراجات سی ڈی اے کو بعد میں ادا کر دیے گئے تھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے جواب پر آئینی بینچ نے کنونشن سینٹر از خود نوٹس نمٹا دیا۔