آئی سی سی نے بھارتی اعتراض پر پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کشمیر لیجانے سے روک دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کشمیر لے جانے سے روک دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے جمعرا ت کو چیمپئنز ٹرافی 2025  کی ٹرافی کو پاکستان میں اسکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا کہ ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے سلسلے میں پاکستان میں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے شیڈول کا نوٹس لیا ہے اور پی سی بی کو ان شہروں میں ٹرافی کو نہ لے جانے کا کہا ہے۔

 ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کو کہا ہےکہ ٹور کے دوران ٹرافی جن جن شہروں میں جانی ہے اس کو تبدیل کیا جائے۔


ادھر  پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ٹرافی کے ابتدائی ٹور میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کی ٹرافی دبئی سے اسلام اباد پہنچائی تھی۔

 اس ٹرافی ٹور کا آغاز ہفتے سے ہونا ہے جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔