اٹھارہ نومبر: حاجی محمد عدیل کی آٹھویں برسی

انسان اور انسانیت پر یقین رکھنے والے حاجی محمد عدیل کی آج بروز پیر (اٹھارہ نومبر) آٹھویں برسی منائی جا رہی ہے۔ آپ ایک نظریاتی انسان تھے اور تمام زندگی انسانی حقوق کے علمبردار رہے۔ 

معروف قوم پرست اور عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما مرحوم حاجی محمد عدیل کی آٹھویں برسی کے موقع پر ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، اور سیاسی کارکنوں کی جانب سے قرآن خوانی کا فاتحہ کا اہتمام کیا گیا۔
  
مرحوم حاجی محمد عدیل 10 اگست 1941 کو پیدا ہوئے اور 18 نومبر 2016 کو 75 برس کی عمر میں پشاور کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں انتقال کر گئے۔  
  
مرحوم و مغفور حاجی محمد عدیل کا تعلق ہندکو بولنے والے خاندان سے تھا اور ان کا خاندان انگریز سامراج کے خلاف سرگرم رہا۔ اہل پشاور آج بھی حکیم عبدالجلیل (حکیم محمد جلیل صاحب) کے بیٹے کو یاد کرتے ہیں جن کے بغیر آزادی و حریت کی تاریخ مکمل نہیں ہو سکتی اور جنہوں نے برصغیر میں انگریزوں کے خلاف عدم تشدد کی تحریک، خدائی خدمتگار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آل انڈیا نیشنل کانگریس کمیٹی پشاور ضلع کے صدر بھی رہے، وہ باچا خان اور مہاتما گاندھی کے قریبی ساتھی تھے اور کانگریس کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے رکن بھی تھے۔  
  
مرحوم حاجی عدیل پشاور کے ایک معروف سیاسی کارکن اور رہنما تھے، جنہوں نے صوبائی اسمبلی کے چار مرتبہ لگاتار انتخابات جیتے اور خیبرپختونخوا حکومت میں وزیر خزانہ اور نائب اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ سینیٹر وزیر بھی رہے اور پاکستان کے قومی مالیاتی کمیشن میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کی۔ ان کی کوششوں کی بدولت اُس وقت کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں وفاقی حکومت نے متفقہ قومی مالیاتی کمیشن (NFC) ایوارڈ کا اعلان کیا، جو ملک کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوا اور جس کے تحت وفاقی وسائل میں صوبوں کا حصہ بڑھایا گیا۔ مذکورہ ایوارڈ کے اعلان کے بعد آج تک کوئی دوسرا ایسا ایوارڈ نہیں آیا اور خیبرپختونخوا کو ان کی کوششوں کی بدولت 585 ارب روپے جیسی خطیر رقم ملی۔  
  
حاجی عدیل دفاع، دفاعی پیداوار، ٹیکسٹائل انڈسٹری، اطلاعات و نشریات اور پسماندہ علاقوں کے مسائل پر قائم کمیٹی کے رکن بھی رہے اور اپنی ذہانت و تجربے سے قومی وسائل کی بچت اور اس کے بہترین مصرف کو یقینی بنایا۔ وہ پاکستان کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر، این پی کے انتخابی کمیشن کے چیئرمین اور این پی وکلا کے کوآرڈینیٹر بھی رہے۔ وہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن، پاکستان انڈیا پیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی کے قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور "انساء" (Imagine a New South Asia) کے قومی اسٹرئرنگ کمیٹی کے رکن بھی تھے۔  
  
حاجی عدیل پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات کے حامی اور داعی تھے عالمی سفارتکاری میں آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی بالخصوص نئے جنوبی ایشیا کے قیام کے لیے پارلیمنٹیرینز کے کاؤکس کی قیادت کرتے ہوئے اس مہم میں سرگرم طور پر شریک رہے۔  
  
حاجی عدیل نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے مختلف منصوبوں کا تصور پیش کیا اور انہیں عملاً مکمل بھی کیا۔ پاکستان کی سول سوسائٹی کی توانا آواز تھے اور سول سوسائٹی تنظیموں اور جنوبی ایشیا کے حقوق کے گروپوں کے حامی رہے۔ آپ کی منفرد و نایاب شخصیت اور وطن سے محبت و پرخلوص خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
 ۔۔۔