پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف جسٹس سے کارکنان کے قتل کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اورنہتے پر امن شہریوں کے قتل اور آپریشن کی مذمت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کارکنان کے قتل کا از خود نوٹس لیں اور اسلام آباداورپنجاب کےآئی جیز کیخلاف کارروائی کی جائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید کئے گئے آٹھ کارکنوں کے کوائف ان کے پاس آچکے ہیں،ڈی چوک پہنچے تھے مگر لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخی کی ، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے گذشتہ رات وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) مظاہرین کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

مظاہرین کیخلاف خیبر چوک اور کلثوم پلازہ کے درمیان آپریشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ساڑھے چارسوسے زائد مظاہرین کو گرفتار کرکے بھاری مقدارمیں اسلحہ، ایمونیشن، وائرلیس کمیونیکیشن کے آلات، غلیلیں اوربال بیرنگ برآمد کی تھیں۔

آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آبادپولیس اور رینجرزنے حصہ لیا، تمام ملزمان مختلف مقامات پرپولیس پر حملہ، توڑ پھوڑاور جلاؤگھیراؤمیں ملوث ہیں۔