ججز کی تقرری اور جسٹس شاہد کی آئینی بینچ میں شمولیت سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے دو اجلاس متوقع

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت آج جوڈیشل کمیشن کے دو اجلاس منعقد ہوں گے۔

پہلے اجلاس میں سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے ججز کی تقرری کے معاملے پر غور کیا جائے گا، جبکہ دوسرے اجلاس میں جسٹس شاہد بلال کی آئینی بینچ میں شمولیت پر تبادلۂ خیال ہوگا۔

اجلاس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے جوڈیشل کمیشن اجلاس مؤخر کرنے کے لیے دو خطوط بھی سامنے آئے ہیں۔ ایک خط چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھا گیا، جبکہ دوسرا خط جوڈیشل کمیشن کو روانہ کیا گیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خطوط میں واضح کیا ہے کہ انہوں نے رولز کے بغیر ججز کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس سے کمیشن کے اجلاس کی کارروائی پر اثر پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ میں ججز تعیناتی پر رولز بنانے والی کمیٹی کی سربراہی کر چکا ہوں، جس میں ججز کی تعیناتی سے متعلق رولز کا پیمانہ طے کیا گیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ججز کی قابلیت اور ورک لوڈ منیجمنٹ کی صلاحیت کو رولز میں شامل کیا جانا تھا، آرٹیکل 175 اے کے مطابق ابھی تک رولز بنائے ہی نہیں گئے۔