پاکستان کے سینئر اداکار کاشف محمود نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 7 سال تک پی ٹی وی کے پیدل چکر کاٹتے رہے حتیٰ کہ اضافی اداکار کے طور پر بھی کام کیا۔
کاشف محمود حال ہی میں نجی ٹی وی میں بطور مہمان شریک ہوئے جس دوران انہوں نے اپنے کیرئیر کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر بات کی۔
کاشف محمود نے بتایا کہ’کیرئیر کے آغاز میں 7 سال تک کام کیلئے پی ٹی وی کے پیدل چکر کاٹتا رہا، پی ٹی وی آفس کی سڑک پر لگے سلطان راہی، عابد علی اور محمد قوی کے بڑے بڑے پوسٹرز دیکھ کر سوچتا تھا کہ کبھی ان پر میرے بھی پوسٹر ہوں گے، پہلے ڈرامے میں بطور اضافی اداکار (ہیرو ہیروئن کے پیچھے نظر آنے والے افراد ) کردار ادا کیا، اس ڈرامے میں بھی صرف میرے بال اور پیچھے کا حصہ ہی دکھایا گیا جس پر بھی لوگوں کو خود بتاتا رہا کہ یہ میں ہوں‘ ۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ انسان کی زندگی میں کی گئی جدوجہد اسے سیکھنے میں مدد دیتی ہے، میری کامیابی میں میری فیملی نے بہت سپورٹ کیا، گھر میں سب سے بڑا ہونے کے باوجود میرے والدین نے مجھے اداکاری سے نہیں روکا۔
بطور پروڈیوسر اپنے پہلے ڈرامے کی تیاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کاشف محمود نے بتایا کہ ’پہلے ڈرامے کی تیاری کے وقت میرے پاس بائیک میں ڈالنے کیلئے ایک لیٹر پیٹرول بھی نہیں ہوتا تھا لیکن میں نے اچانک ہی 22 سے 23 لاکھ سے تیار ہونے والے ڈرامے کی منصوبہ بندی کرلی‘۔
کاشف محمود کے مطابق ’اپنے پہلے ڈرامے کیلئے میں نے کئی لوگوں سے قرضہ لیا، امی کے زیور گروی رکھے، اس وقت اتنے لوگوں سے ادھار لے لیا تھا کہ گلیوں سے نکلنا محال تھا اور پھر وہ ڈرامہ سپر ہٹ ہوگیا لیکن جس چینل پر یہ ڈرامہ نشر کیا گیا وہ چینل بند ہوگیا، کچھ عرصے بعد چینل تو کھل گیا لیکن پیسے آج تک نہیں ملے، بعد ازاں اس ڈرامے کو میں نے پی ٹی وی پر آن ائیر کروایا اور یوں 22 لاکھ کا قرضہ بھی اترا اور 7 لاکھ کی بچت بھی ہوگئی‘۔