" چھ ماہ سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکیں گے": ڈاکٹر کی وارننگ نے زندگی بدل دی: عدنان سمیع

بھارت کے معروف گلوکار عدنان سمیع نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کا وزن 230 کلوگرام تک پہنچ چکا تھا، تو ڈاکٹرز نے انہیں خبردار کیا کہ وہ چھ ماہ سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکیں گے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ڈاکٹر کی یہ بات سن کر انہیں غصہ آیا اور وہ سیدھا ایک بیکری چلے گئے، جہاں انہوں نے آدھی چیزیں کھا ڈالیں۔ والد نے یہ منظر دیکھ کر انہیں سخت ڈانٹا اور کہا: ’’کیا تم خدا سے نہیں ڈرتے؟‘‘

عدنان سمیع نے شروع میں ڈاکٹرز کی بات کو ڈرامائی قرار دے کر نظر انداز کیا، لیکن والد کے ایک جملے نے انہیں جھنجھوڑ دیا: ’’میں تم سے بس اتنی درخواست کر رہا ہوں کہ مجھے تمہیں دفنانے کا صدمہ نہ دو۔‘‘

اس جذباتی اپیل نے عدنان سمیع کی زندگی بدل دی۔ وزن کی زیادتی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی تھی، وہ لیٹ کر نہیں سو سکتے تھے اور برسوں تک بیٹھ کر ہی نیند پوری کرتے تھے۔ پھیپھڑوں پر چربی اور لیمفیڈیما جیسے مسائل ان کی صحت کو مزید بگاڑ چکے تھے۔

آخرکار، انہوں نے اپنے والد سے وعدہ کیا اور ہائی پروٹین غذا کے ذریعے 120 کلو وزن کم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اب وہ صحت مند زندگی گزار رہے ہیں اور اپنی متاثرکن کہانی سے دوسروں کو بھی حوصلہ دے رہے ہیں۔