’ماہرہ سے سارے شکوے ختم ہوگئے‘ ،خلیل الرحمان اور اداکارہ کا رابطہ کیسے بحال ہوا؟

پاکستان کے معروف ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر نے سپر اسٹار ماہرہ خان سے سارے گلے شکوے ختم کرتے ہوئے ان کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار کردیا۔

حال ہی میں ماہرہ خان نے ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان سے تنازع کے سلسلے میں اپنی غلطی کااعتراف کیا تھا۔

ماہرہ کی جانب سے غلطی کا اعتراف 

دوران گفتگو ماہرہ نے خلیل الرحمان قمر کے خلاف اپنی ٹوئٹ پر کہا تھا کہ میں نے خلیل الرحمان کی کہانی ’صدقے تمہارے ‘ کا پروجیکٹ کیا تھا اور یہ پروجیکٹ ہم سب نے بہت پیار سے کیا ، اگر خلیل الرحمان کیخلاف ٹوئٹ کی بات کروں تو اس معاملے میں ، میں غلط تھی، مجھے خلیل الرحمان کو فون کرنا چاہیے تھا، وہ بالکل صحیح کہتے ہیں کہ مجھے ٹوئٹ کرنے سے قبل براہِ راست ان سے پوچھنا چاہیے تھا اور یہی میری غلطی تھی۔

ماہرہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’میں نیلوفر کی شوٹنگ کر رہی تھی اور رات کے 4 بجے میں نے یہ خبر دیکھی جس میں خلیل الرحمان ایک عورت کے ساتھ بدتمیزی حتیٰ کہ گالیاں دے رہے تھے، میں نے یہ بنا جانے کے وہ عورت کون ہے غصے میں ٹوئٹ کردی۔

 خلیل الرحمان کا ماہرہ کو میسیج ، گلے شکوے ختم کردیے

بعد ازاں جب ایک انٹرویو کے دوران  خلیل الرحمان قمر سے  ماہرہ خان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'ماہرہ نے حال ہی  میں  انٹرویو میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے غلطی ہوئی، میں بھی یہی کہتا تھا کہ ماہرہ کو   ٹوئٹ کرنے سے قبل مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی،  میں ماہرہ کا بہت احترام کرتا ہوں اتنا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا وہ بھی میرا بہت احترام کرتی تھی ، ماہرہ ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی  ہے اور  اب بھی ہیں، میں نے ماضی میں جب بھی  ان پر  تنقید کی اس سے مجھے خود بھی تکلیف ہوتی رہی ۔'

خلیل الرحمان نے مزید کہا کہ ’اب جب میں نے  ان کا انٹرویو دیکھا تو ان کو میسیج کرکے کہا کہ آج سے  میرے تم سے سارے گلے شکوے ختم ہوگئے،انشااللہ مستقبل میں ماہرہ کے ساتھ کام بھی کروں گا‘۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمان قمر کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے ڈرامہ نگار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔