ثناء یوسف کے قتل کے بعد ٹک ٹاکرز کے لیے وارننگ اور ایڈوائزری جاری

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے واقعے کے بعد ڈیجیٹل تخلیق کاروں، بلاگرز اور انفلوئنسرز کے لیے حفاظتی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لائیو اسٹریمنگ کے دوران موجودہ لوکیشن ظاہر نہ کریں، مشکوک افراد کو سوشل میڈیا پر دوست نہ بنائیں اور مشتبہ دعوتوں میں شرکت سے گریز کریں۔

ڈیجیٹل تخلیق کاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے اکاؤنٹس پر ملٹی فیکٹر تصدیق، مضبوط پاس ورڈز اور پرائیویسی سیٹنگز استعمال کریں، ڈیپ فیک مواد کی صورت میں فوری تردید کریں۔

نیشنل سرٹ نے زور دیا کہ آن لائن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ حقیقی دنیا میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں کیونکہ خیالات اور شناخت کے سبب خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو ایک مداح نے دوستی کی خواہش نہ ماننے پر گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ ملزم عمر حیات کو پولیس نے 20 گھنٹوں میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے وہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔