کمزور جسم کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنی، آریانا گرانڈے

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ آریانا گرانڈے نے جسم پر تبصرہ کرنے کو ’خطرناک‘ قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آریانا نے کہا ہے کہ خواتین پر ہمیشہ پرفیکٹ نظر آنے کا دباؤ غیر معمولی ہے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ دنوں دبلے جسم کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ بہت مایوس ہوئیں۔ 

فرانسیسی رپورٹر کے ساتھ گفتگو کے دوران آریانا جسمانی ساخت پر تنقید کا نشانہ بننے کی اپنی آپ بیتی کہتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں جب ان کی ساتھی اداکارہ سنیتھیا اریوو نے انہیں تسلی دی۔ 

گرانڈے نے کہا کہ وہ 16 یا 17 سال کی عمر سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں اور اس عرصے میں انہیں ہر طرح کی تنقید سننے کو ملی ہے۔ انہوں نے کہا ’آپ جو بھی کریں، لوگ اس میں کچھ نہ کچھ غلط ڈھونڈ ہی لیتے ہیں، چاہے وہ آپ کی ظاہری حالت (جسمانی ساخت) ہی کیوں نہ ہو‘۔ 

آریانا کا کہنا تھا کہ کوئی موٹا ہے یا پتلا ہے کسی کی جسمانی یا ظاہری حالت پر تبصرہ کرنا انتہائی ’خوفناک‘ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گرانڈے نے اپریل 2023 میں ایک ویڈیو میں بھی لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ دوسروں کے جسم پر تبصرہ کرنے میں محتاط رہیں۔ گرانڈے کا کہنا تھام ’لوگوں کی صحت یا ظاہری حالت کے بارے میں بات کرنا خطرناک اور برا رویہ ہے اور ہمیں اس رویے کو ختم کرنا ہوگا‘۔

واضح رہے کہ ان دنوں آریانا گرانڈے نئی فلم ’وکِڈ‘ میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے اور بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔