بلال سعید کا حافظ قرآن ہونے کا انکشاف، گلوکار بننے کی داستان بھی سنادی

پاکستانی گلوکار بلال سعید نے انکشاف کیا ہےکہ وہ حافظ قرآن بھی ہیں۔

گلوکار بلال سعید نے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے۔

کیرئیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلال سعید نے بتایا کہ بچپن میں ہی قرآن حفظ کرلیا تھا۔

بلال سعید نے بتایا کہ ’ بچپن میں مدرسےکی وجہ سے  گھر سے بھی  بھاگنے کی کوششیں کرچکا ہوں کیوں کہ گھروالے زبردستی اور باقاعدگی سے مدرسے بھیجتے تھے اور میں چھٹی کا ارادہ رکھتا تھا لیکن مدرسے کے بچوں کو چھٹی کی  اجازت نہیں ہوتی لہٰذا گھر سے مدرسے کا کہہ کر گیمنگ سینٹر چلا جاتا تھا   اور وہاں انجوائے کرتاتھا لیکن جلد ہی مدرسے کے حافظ صاحب نے  بچے گھر بھیج کر یہ بتانا شروع کردیا میں کس کس روز مدرسے سے غائب رہتا ہوں جس کے بعد عاجز  آکر گھر چھوڑنے کی خواہش کی‘ ۔

گلوکار کے مطابق’جب یہ بھی ممکن نہ ہوسکا تو مدرسے کے حافظ صاحب کو تنگ کرنے لگا،  حافظ صاحب کا کھانا مدرسے کے کچن سے ان کے پاس تک لے جانے کی ذمہ داری میری تھی اور میں اس دوران انہیں تنگ کرنے کیلئے ان کے کھانے میں مرچیں ڈال دیتا تھا یہی نہیں کئی بار ان کے جوتوں میں بھی گندگی ڈال دی تھی‘۔

حافظ قرآن ہونے کے باوجود موسیقی کا کیرئیر اپنانے کے سوال پر بلال سعید نے کہا کہ ‘اس بات کا کریڈٹ میرے والد کو جاتا ہے جنہوں نے مجھے موسیقی کی اجازت اس لیے دی کہ میں زندگی کے کسی مقام پر یہ نہ محسوس کروں کہ انہو ں نے مجھے محروم رکھا،پھر جب موسیقی کی طرف آگیا تو سیالکوٹ ( آبائی گھر) ہی  جانا چھوڑدیا ، میں ڈرتا ہوں کہ وہاں حافظ صاحب نہ مل جائیں اور  دیکھتے ہی یہ نہ کہیں تمہیں میں نے حافظ قرآن بنایا تھا تم اس موسیقار کیسے بن گئے‘؟