کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے اس بار پہلے سے زیادہ سیٹیں لیں۔ اور ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سندھ اسمبلی میں دوتہائی سے زائد سیٹیں ہیں۔ اور دوتہائی اکثریت ہونے کے باوجود اپوزیشن کی تجاویز کو دیکھتے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔ جس میں سے 8 لاکھ گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ اور ملک میں دہشتگردی کی ایک اور لہر آئی ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشتگردی سے زیادہ متاثر ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک شخص کے لیے دوسری چیزوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ایک شخص کے لیے صوبے کے عوام کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ میں صرف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے ہدایت کی دعا ہی کرسکتا ہوں۔