انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو کلمہ چوک پر کینٹینر جلانے کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال ، حماد اظہر، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبد الصمد اور واثق قیوم کو اشتہاری قرار دیا۔
عدالت نے تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں پولیس کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر گرفتار نہیں ہوسکے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی میں 1900 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔