بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے 2021 میں اپنے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے دوری اختیار کر لی تھی۔ آریان کو بعد میں تمام الزامات سے بری کر دیا گیا، مگر اس واقعے نے شاہ رخ کو گہرے طور پر متاثر کیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں معروف پاپرازی ورندر چاؤلہ نے انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ شاہ رخ خان نے انہیں ذاتی تصاویر ڈیلیٹ کرنے پر فون کر کے شکریہ ادا کیا اور اس بات کی وضاحت کی کہ وہ میڈیا سے کیوں دور رہے۔ ورندر نے بتایا کہ 2022-2023 کے دوران، شاہ رخ خان اور ان کے خاندان کی کچھ ذاتی تصاویر لی گئیں۔ یہ دیکھ کر ورندر نے فوراً اپنے فوٹوگرافرز کو ڈانٹا اور تصاویر ڈیلیٹ کر دیں۔ پھر انہوں نے شاہ رخ خان کی ٹیم کو اطلاع دی کہ کوئی مواد لیک نہیں ہوگا۔
بعد ازاں، شاہ رخ خان کے مینیجر نے ورندر سے رابطہ کیا اور کہا کہ ’سر‘ آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ ورندر نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے فون پر بات کرتے ہوئے کہا: "بیٹا، انہوں نے مجھے بتایا کہ آپ نے ویڈیو ڈیلیٹ کر دی۔ میں میڈیا سے دور نہیں رہنا چاہتا لیکن میں بھی ایک باپ ہوں، اور جو کچھ ہوا، اس نے مجھے بہت تکلیف دی۔"
ورندر نے مزید کہا: "اس گفتگو کے دوران مجھے یہ احساس ہوا کہ شاہ رخ خان ایک والد کے طور پر کتنے دکھی ہیں۔ اس واقعے کے بعد، میں نے خود کو ان کے جذبات سے جوڑا۔"
اس واقعے کے بعد، شاہ رخ خان نے میڈیا میں اپنی موجودگی کو کم کر دیا، لیکن پھر بھی وہ کبھی کبھار تقریبات میں نظر آتے ہیں۔ ان کی اگلی فلم "کنگ" جلد ریلیز ہونے والی ہے، جس میں ان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں۔