پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے سردیوں میں خشک جلد کو نرم، ملائم اور چمکدار رکھنے کے لیے ایک آسان اور قدرتی نسخہ شیئر کیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مہمان کے طور پر شرکت کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اپنی جلد کی دیکھ بھال کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں جلد کی حفاظت کے لیے قدرتی اجزاء پر مبنی نسخوں کا استعمال بہت فائدے مند ہوتا ہے۔ بشریٰ نے بتایا کہ بچپن میں وہ ایک نسخہ سنا کرتی تھیں، جس میں گلیسرین، لیموں کا رس اور عرق گلاب ملا کر چہرے، ہاتھوں اور گردن پر لگانے سے جلد نرم اور ملائم رہتی تھی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ماضی کی کئی خوبصورت اداکارائیں بھی یہی نسخہ استعمال کرتی تھیں، جس کی وجہ سے ان کی جلد ہمیشہ چمکدار اور بے داغ نظر آتی تھی۔
بشریٰ انصاری نے ایک اور نسخہ بھی شیئر کیا، جس کے مطابق بائیو آئل، ای آئل، ناریل کا تیل، کیسٹر آئل اور گلیسرین کو ملا کر روزانہ استعمال کیا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تمام اجزاء قدرتی ہیں اور ان میں کسی قسم کے کیمیکلز کا استعمال نہیں ہوتا، اس لیے یہ جلد کے لیے محفوظ ہیں اور کوئی نقصان نہیں پہنچاتے۔