نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نئے سال کے آغاز پر 15 جنوری کو ملک کے سینٹرزپرپاک آئی ڈی موبائل ایپ اورچہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان نادرا کےمطابق نادرا کی جانب سے ہیڈکوارٹرز میں بائیومیٹرک اور شناختی تصدیقی نظام میں بہتری سے متعلق امور پر ایک مشاورتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جہاں مختلف شعبوں کے ریگولیٹرز اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے آغاز میں چیئرمین نادرا نے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات اور انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ترجمان نے بتایا کہ انگلیوں کے مدھم نشانات والے شہریوں بالخصوص پنشنرز اور بزرگ شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شرکا نے نادرا کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے 15 جنوری 2025 سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور ملک بھر میں نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس جدت آمیز سہولت کی بدولت شہریوں کی مختلف خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی اور غیرضروری تاخیر کا خاتمہ ہوگا۔
شرکا نے آنکھوں کے نشانات کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے فوائد اور شہریوں اور اداروں کے لیے پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات پر سیرحاصل گفتگو کی۔
اس موقع پر "نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک" اور ملک میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی اور فروغ کے سلسلے میں شروع کیے گئے "ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ "پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ورکشاپ کے شرکا نے بائیومیٹرک نظام سے متعلق نئے منصوبوں اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے باہمی اشتراک اور تعاون کو مستحکم بنانے پر زوردیا۔