بشریٰ بی بی نے 9 مئی سمیت احتجاج کے تمام مقدمات میں سرنڈر کردیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 9 مئی سمیت احتجاج کے تمام 23 مقدمات میں خود کو سرنڈر کردیا۔

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اے ٹی سی راولپنڈی میں پیش ہو گئیں، بشری بی بی کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

بشری ٰبی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک نے 23 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دیں۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت بھی آج ہوگی، اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کریں گے، دوران سماعت استغاثہ کےگواہان کی شہادتیں قلمبند کی جائیں گی ۔

علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت دیگر کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج ہوگی۔

دوران سماعت مزید 6 ملزمان پر فرجرم عائد کیے جانے کا امکان ہے،کیس میں مجموعی طور پر 113 ملزمان پر فرجرم عائد کی جا چکی ہے۔