چھوٹا کاشتکار پریشان، بڑے جاگیر دار کو سہولت مل جاتی ہے، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت چھوٹا کاشت کار پریشان ہے اور بڑے جاگیر داروں کو سہولت مل جاتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 25 دسمبر سے کسان مارچ کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت چھوٹا کاشت کار بہت زیادہ پریشان ہے، اس وقت گنے کی فصل تیار ہے مگر اب تک حکومت نے کوئی ریٹ مقرر نہیں کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ شوگر مافیا اس وقت پھر طاقتور ہے اور وہی فیضیاب ہو رہے ہیں، بڑے جاگیرداروں کو کچھ سہولت مل جاتی ہے مگر چھوٹا کاشتکار مارا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسان مارچ منڈی بہاؤالدین سے شروع ہوگا، اس کے بعد لاہور اور پھر جنوبی پنجاب جائیں گے، اس حوالے سے عام آدمی کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی پیدا ہو جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ 29 دسمبر کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ مارچ کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت ٹرمپ یرغمالیوں کی بات تو کرتا ہے مگر 46 ہزار شہدا کی کوئی بات نہیں کر رہا، امریکا نے خود ہیروشیما ناگاساکی میں جو کچھ کیا سب کے سامنے ہے۔