مفت آن لائن لرننگ کے حوالے سے معروف خان اکیڈمی نے خان اکیڈمی پاکستان کے قیام کا اعلان کردیا۔
اکیڈمی کے قیام سے اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اساتذہ اور لاکھوں پاکستانی طالب علموں کو اعلیٰ معیار کی جدید تعلیم میسر ہوگی۔
افتتاحی تقریب میں خان اکیڈمی کے اے آئی لرننگ ٹولز ’خان میگو‘ کی رونمائی کی گئی، تقریب میں خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن، چیئرپرسن عثمان راشد، صنعتکار امین ہاشوانی سمیت نعیم زمیندار شریک تھے۔
اس موقع پر صنعتکار امین ہاشوانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں وقت لگتا ہے،مصنوعی ذہانت کی مناسب آگاہی کے لیے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔
بزنس مین نعیم زمیندار کا کہنا تھا کہ ہر انسان کے سیکھنے کا عمل مختلف ہوتا ہے، ایسے میں خان میگو کا کردار بچوں کی تعلیم میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
شرکا کا مزید کہنا تھا کہ خان اکیڈمی کا مشن ملک بھر میں طلبا اور اساتذہ کو جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ با اختیار بنانا ہے۔