عمران خان ملنا چاہیں گے تو ہم سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر عمران خان ہم سے ملنا چاہیں گے تو اس حوالے سے  ہم سوچ سمجھ کر فیصلہ کرینگے۔ 

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ملاقات کے لیے انہیں کوئی باضابطہ پیغام نہیں ملا اور اگر عمران خان ملنا چاہیں گے تو بھی ہم سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ گلہ ہے کہ عام انتخابات میں  ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے مگر جے یو آئی نے استعمال ہونے سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم میں ہماری جماعت نے شخصیت کے بجائے اداروں کی مضبوطی کو مقدم رکھا، مدارس کی رجسٹریشن پر طے شدہ معاملات کو خواہ مخواہ چھیڑا گیا۔

  مولانا فضل الرحمان نے کہا خیبر پختونخوا میں حکومت کی کہیں رِٹ نظر نہیں آرہی، ڈی آئی خان، بنوں اور ٹانک عملاً دہشت گروں کے حوالے ہیں جبکہ ٹانک سے عدالتیں اور سرکاری دفاتر بھی ڈی آئی خان منتقل ہوچکے ہیں۔