’ہرجگہ وی آئی پی پروٹوکول نہیں مل سکتا‘، اے ٹی سی جج برہم، بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کے 13 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ 

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ڈی چوک احتجاج کے 13 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جس دوران بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ 

دوران سماعت  وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کے سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھا لگوانے پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ کہتے ہیں وی آئی پی پروٹوکول ملے، ایسا نہیں ہو سکتا،  میں نےآپ کو انتظار نہیں کرایا، میں فیصلہ لکھوا رہا تھا وہ چھوڑ کر آپ کی ضمانتوں پر سماعت کررہا ہوں، جب عدالتی حکم نامہ نکلےگا اس پر ملزمہ کے دستخط اور انگوٹھا لگے گا۔

عدالت میں بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف ڈی چوک احتجاج پر اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں، تھانہ سیکرٹریٹ میں 3، تھانہ مارگلہ میں 2 اور تھانہ کراچی کمپنی میں 2 مقدمات درج ہیں۔ 

اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ رمنا میں 2، تھانہ ترنول،کوہسار،آبپارہ اور کھنہ میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔ 

بعد ازاں عدالت نے 5،5 ہزار روپے مچلکوں پر بشریٰ بی بی کی7 فروری تک عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس کو ریکارڈ سمیت پیش ہونےکا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔