پاکستان تحریک انصاف نے القادر ٹرسٹ کیس فیصلے کے خلاف آج ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈيا سے گفتگو میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ یہ کیس سیاسی محرکات پر مبنی تھا، پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، سرکاری گواہ نے بھی تسلیم کیاکہ اس سے سرکار کا نقصان نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی میں اپوزيشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ القادر کیس میں اصل سوال تو حسن نواز سےپوچھا جانا چاہیے کہ وہ رقم برطانیہ لے کر کیسے گئے جس سے پراپرٹی خریدی اور بعد میں بیچی گئی۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہاکہ منگل کو القادرکیس فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کرے گی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 26ویں آئينی ترمیم نےعدالتی نظام کا بیڑہ غرق کردیا ، حکومت سے پارلیمنٹ نہيں چلائی جارہی ہے ، پارلیمنٹ موثر نہیں رہی۔
زرتاج گل نے کہاکہ پورا پنجاب یرغمال ہے ، ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ زبردستی سب سے بڑے صوبے پر مسلط ہيں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ سے جڑے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا جس میں عمران خان بدعنوانی اور کرپٹ پریکٹس کے مرتکب پائے گئے۔
تحریری فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ بشریٰ بی بی کو کرپشن میں سہولت کاری اور معاونت پر مجرم قرار دیا گیا اور انہیں 7 سال کی سزا سنائی گئی۔