اسلام آباد: لینڈنگ کے دوران کتا رن وے پرآگیا، غیرملکی ائیرلائنز کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرغیرملکی ائیرلائنز کا طیارہ حادثے سے بچ گیا۔

ذرائع کے مطابق دبئی سے اسلام آباد آنے والی غیرملکی ائیرلائن کی پروازکی لینڈنگ کے دوران کتا رن وے پرآگیا اور طیارے کی لینڈنگ کے وقت کتے کی موجودگی پر اے ٹی سی نے طیارے کے کپتان کو فوری آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایاکہ اے ٹی سی کی ہدایت پر کپتان نے لینڈنگ کے بجائے طیارے کو چکر لگوایا اور دوسری بار کوشش پرکپتان نے طیارے کوبحفاظت اتارلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 250 سے زائد مسافر سوار تھے۔

دوسری جانب ترجمان ائیرپورٹ نے بتایاکہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر ٹیکسی کرنے والے پائلٹ نے رن وے پر کسی جانور کی موجودگی کی اطلاع دی تھی،  اسی وقت غیرملکی طیارے کو لینڈنگ کرنا تھی، اور رن وے کی جانچ کا وقت نہیں تھا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ اس لیے غیرملکی ائیر لائنز کے طیارے کی لینڈنگ روک کراسے گو اراؤنڈ کروایا گیا اور  رن وے کلیئر ہونے کی تصدیق کے بعد طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔