گھوڑے پر بیٹھ کر ڈانس کرنے والا دلہا اچانک جان کی بازی ہار گیا: ویڈیو وائرل

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے علاقے شیو پور میں گھوڑے پر بیٹھ کر ڈانس کرنے والا دلہا اچانک جان کی بازی ہار گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نسواڑہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ پردیپ جٹ بارات لے کر اپنی دلہنیا لینے پہنچے تو وہ گھوڑے پر بیٹھے بیٹھے اچانک گر پڑے۔

دلہا کے بے ہوش ہونے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر آر بی گوئل نے موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ دل کے دورے کی وجہ سے پردیپ کا انتقال ہوا ہے۔

پردیپ سنگھ کانگریس کے طلبا ونگ این ایس یو آئی کے سابق ضلعی صدر تھے جن کی شادی میں سیاسی لوگ بھی شریک تھے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پریڈیپ جٹ روایتی لباس میں گھوڑے پر سوار ہو کر اسٹیج کی طرف جا رہے ہیں۔ اچانک وہ آہستہ سے گھوڑے کی پیٹ پر جھگ گئے، جس پر گھر والوں نے انہیں گھوڑے سے نیچے اتارا اور ہوش میں لانے کی کوشش کی مگر وہ بے ہوش ہی رہے۔ 

اس کے بعد باراتی انہیں لے کر اسپتال پہنچے تو وہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔