بھارت میں بیٹے نے پیسے چوری کرنے پر باپ کی ڈانٹ سے طیش میں آکر مبینہ طور پر باپ کو زندہ جلادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ فرید آباد کے علاقے اجے نگر میں پیش آیا جہاں ایک باپ بیٹا کرائے کے ایک کمرے کے گھر میں رہتے تھے، باپ نے اپنے 14 سالہ بیٹے کو پیسے چوری کرنے کے شبے میں ڈانٹا جس سے بیٹا طیش میں آگیا۔
پولیس کے مطابق مکان ملک ریاض الدین نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور بتایا کہ اس نے رات 2 بجے کے قریب باپ محمد علیم کی چیخ وپکار کی آوازیں سنی جس پر اس نے کمرے پر جا کر دیکھا لیکن کمرے کا دروازہ بند تھا۔
ریاض الدین نے بتایا کہ مکان مالک نے پڑوسی کی مدد سے بالکنی میں جاکر دیکھا تو معلوم ہوا کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا اور محمد علیم آگ میں جل رہا تھا۔
مکان مالک نے مزید بتایا کہ دروازے کو کھول کر علیم کو بچانے کی کوشش کی گئی لیکن جھلسنے کی وجہ سے اس کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی تھی جب کہ اس کا بیٹا فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق علیم نے جیب سے رقم چوری کرنے پر اپنے بیٹے کو ڈانٹا تھا، شبہ ہے کہ نوجوان نے غصے میں آکر اپنے والد کو آگ لگا دی جب کہ بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔