کیا ایوب خان کے دور میں لوگوں کو بنیادی حقوق میسر تھے؟ جسٹس مسرت ہلالی

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ کر رہا ہے۔ 

دورانِ سماعت جسٹس مسرت ہلالی نے وکیل سے سوال کیا کہ  1962ء کے آئین کے وقت ایوب خان کا دور تھا، کیا ایوب خان کے دور میں لوگوں کو بنیادی حقوق میسر تھے؟

بانئ پی ٹی آئی کے وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا ہے کہ اس وقت بھی بنیادی حقوق دستیاب نہیں تھے۔ 

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا ان کی سیکیورٹی کسی آرمی پرسنل کے کنٹرول میں ہوگی، جہاں ملٹری کی شمولیت ہو وہاں ملٹری کورٹ شامل ہوں گی۔

وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا کہ 103 افراد ایسے ہیں جن کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو رہا ہے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے وکیل سے کہا کہ میڈیا پر ہم نے فوٹیجز دیکھی ہیں۔

وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا کہ اس کیس میں عدالت نے طے کرنا ہے قانون کو کس حد تک وسعت دی جا سکتی ہے، 21ویں آئینی ترمیم کے باوجود عدالت نے قرار دیا مخصوص حالات کے سبب ترمیم لائی گئی، آرمی ایکٹ کا سویلین پر اطلاق کرنے کے لیے آئینی تحفظ دینا پڑے گا۔