پاکستان کو درپیش مالی مشکلات اور معیشت میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی۔ انٹربینک ریٹ 280 روپے سے تجاوز کر گیا۔
چین کی جانب سے 24 مارچ کو واجب الادا 2 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کی سہولت دینے کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 11 پیسے کی کمی کے ساتھ 279 روپے 85 پیسے پر آ گئی تھی۔
تاہم امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تنازع اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی مسلسل مضبوطی کے باعث کاروبار کے اختتامی لمحات میں ڈالر کی طلب بڑھ گئی۔ نتیجتاً ڈالر کی قدر 10 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 06 پیسے پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 7 پیسے کے اضافے کے ساتھ 281 روپے 49 پیسے پر اختتام پذیر ہوئی۔