بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن مکمل کرلیا، جس میں تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ افسوسناک واقعے میں 21 مسافر شہید ہوگئے جبکہ ایف سی کے 4 جوان بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق دہشت گردوں نے 11 مارچ کو بولان کے اوسی پور میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر جعفر ایکسپریس کو روکا۔ ٹرین میں 440 افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
آپریشن میں آرمی، ایئرفورس، فرنٹیئر کور اور ایس ایس جی کے جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تمام یرغمالیوں کو محفوظ طریقے سے بازیاب کروالیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے افغانستان میں موجود سہولت کاروں سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا۔
پاک فوج نے بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا بیرونی آقاؤں سے گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا بھی اعادہ کیا گیا۔