بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات کا آخری دن: ٹیکنیکل سیشن اور پالیسی مذاکرات بھی آج مکمل ہو جائیں گے

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا آج آخری دن ہوگا، دونوں فریقین ابتدائی تجاویز کو حتمی شکل دیں گے، مذاکرات کے بعد وفد اپنی جائزہ رپورٹ مرتب کرے گا، جس کی بنیاد پر آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کے اجرا کا فیصلہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کا وفد وزیر خزانہ سے ملاقات کرے گا جبکہ وفد کے اعزاز میں افطار ڈنر پر بھی ملاقات طے ہے، ٹیکنیکل سیشن کے بعد پالیسی سطح کے مذاکرات بھی آج مکمل ہو جائیں گے۔

مذاکرات کے دوران بجٹ اہداف اور موجودہ مالی سال کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ٹیکس شارٹ فال اور نئے ٹیکس اہداف کے حصول پر بریفنگ دی جائے گی، حکومت کی جانب سے مالیاتی اصلاحات اور اخراجات میں کمی کے اقدامات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے توانائی کے شعبے میں سبسڈی میں کمی اور ٹیکس نیٹ میں توسیع پر زور دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مالیاتی خسارے کو کم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت ہوگی۔

وفد کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور بیرونی قرضوں کی واپسی کے لیے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

مذاکرات کے اختتام کے بعد وفد اپنی جائزہ رپورٹ پیش کرے گا، جس کے بعد ایگزیکٹیو بورڈ ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجرا کا فیصلہ کرے گا۔ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد وفد واپس روانہ ہو جائے گا۔