آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب، پاکستان کو 2 ارب ڈالر ملنے کی خوشخبری

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات بالآخر کامیاب ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کو مجموعی طور پر دو ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اور ادارے نے معاشی اور اقتصادی بحالی کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد حکومت کو گرین سگنل دے دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت ردعمل نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملنے کی توقع ہے۔