ڈیوٹی انجام دینے والے وارڈنز کیلئے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار

پنجاب میں چوک چوراہوں پر ڈیوٹی انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز کے لیے ہیلمٹ پہننا اب لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ 

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق، یہ نیا حکم نامہ وارڈنز کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت چاہے گرمی ہو یا سردی، تمام وارڈنز کو ہیلمٹ پہننا ہوگا۔ 

چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید نے اس بارے میں تمام وارڈنز کو آگاہ کر دیا ہے، اور یہ فیصلہ وارڈنز کے زخمی ہونے کے واقعات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب، جعلی فینسی اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ اس ماہ 52 ہزار سے زائد چالان کیے گئے ہیں جبکہ 35 ہزار سے زیادہ موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ 

غیر قانونی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف 4,300 سے زائد کاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔