پاکستان میں حج 2025 کے حوالے سے پرائیویٹ حجاج کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 70 سے 75 ہزار پرائیویٹ حجاج کے حج کوٹے کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
مجموعی طور پر 89 ہزار پرائیویٹ حجاج میں سے زیادہ تر کو ابھی تک منا اور عرفات میں جگہ الاٹ نہیں کی جا سکی، جس کی وجہ سے ان کا حج خطرے میں پڑ گیا ہے۔
حجاج کے کاغذات اور دیگر انتظامات کے پہلے مرحلے کی تکمیل 14 فروری کو ہو چکی ہے، جبکہ دوسرا مرحلہ 25 مارچ کو مکمل ہونا ہے۔ تاہم، پرائیویٹ حجاج آرگنائزیشن اور وزارت مذہبی امور کے درمیان اختلافات کے باعث معاملات تعطل کا شکار ہیں، اور سعودی حکومت کی طرف سے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہو چکی ہے۔
اس معاملے کو حل کرنے کے لیے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی، وفاقی وزیر مذہبی امور اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواب سعید المالکی کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے سعودی حکام کو خط بھی لکھا ہے تاکہ اس بحران کا فوری حل نکالا جا سکے۔
اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو ہزاروں پرائیویٹ حجاج حج کی سعادت سے محروم ہو سکتے ہیں، جو حج آرگنائزرز اور متعلقہ اداروں کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ہوگا۔