غیر قانونی طور پر مقیم اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈلائن میں 14 دن باقی

حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈلائن میں صرف 14 دن باقی رہ گئے ہیں۔

حکومت پاکستان نے 31 مارچ تک ان افراد کو پاکستان چھوڑنے کا حکم جاری کیا ہے، حکومت کے فیصلے کے مطابق 31 مارچ تک ان افراد کو اپنے وطن واپس جانا ہوگا۔

حکومت نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ انخلا کے دوران کسی بھی شخص کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی، اور انہیں واپس جانے کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تاہم، حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد ان افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ حکام نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف گرفتاریوں اور دیگر قانونی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ملک میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، وفاقی وزارت داخلہ نے غیر قانونی مقیم افراد اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دے رکھا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ نے بتایا کہ یکم اپریل سے تمام غیر ملکیوں کی ملک بدری کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

وفاقی وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غیر قانونی طور پر موجود غیر ملکیوں کی واپسی کا پروگرام (آئی ایف آرپی) یکم نومبر 2023 سے نافذ ہے اور اب تمام غیر قانونی غیر ملکی اور اے سی سی ہولڈرز کو 31 مارچ 2025 تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ نے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔