اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، اور ہمیں گورننس کے مسائل کو افواجِ پاکستان اور شہدا کے خون سے پُر کرنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قومی طاقت کے تمام عناصر کو ہم آہنگ ہو کر کام کرنا ہوگا کیونکہ یہ ہماری اور آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ریاست (ہارڈ اسٹیٹ) بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں پائیدار استحکام لایا جا سکے۔
انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ دہشتگرد عناصر کی جانب سے اسلام کی غلط تشریح کو بے نقاب کریں اور قوم کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دی جا سکے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اللہ کی مدد سے پاکستان کامیاب ہوگا اور دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔