میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئندہ دو سالوں میں شہر میں اتنے ترقیاتی کام کیے جائیں گے کہ ہر علاقے سے ’جئے بھٹو‘ کے نعرے بلند ہوں گے۔
کھارادر میں مچھی میانی مارکیٹ کے ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو وعدے الیکشن سے قبل کیے گئے تھے، انہیں پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے متعلق جو غلط تاثر پایا جاتا تھا، وہ اب ختم ہو رہا ہے، کیونکہ سینٹرل اور ایسٹ اضلاع میں بھی پیپلز پارٹی کے ذریعے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پانی کے مسائل سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حیرانی کی بات ہے کہ وہ پہلے بلدیاتی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے حامی تھے، مگر اب چاہتے ہیں کہ کے ایم سی کے بجائے پی آئی ڈی سی ایل ترقیاتی کام کرے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ صرف اپنے میئر کے ہوتے ہوئے ہی اختیارات کی بات کرنا کیا مناسب ہے؟