غزہ: اقوام متحدہ نے اسرائیل کو غزہ میں اپنے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان، اسٹیفن دوجارک، نے بتایا کہ 19 مارچ کو دیر البلح میں اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ پر ہونے والا یہ حملہ اسرائیلی ٹینک کی گولہ باری کی وجہ سے ہوا۔
اسرائیلی فوج نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے میڈیا سے غیر مصدقہ خبروں پر محتاط رہنے کی درخواست کی۔ تاہم، اقوام متحدہ نے تحقیقات کے بعد اسرائیل کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اقوام متحدہ نے غزہ میں اپنے غیر ملکی عملے کی عارضی واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ بمباری کے نتیجے میں غزہ میں 700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ حماس کے کئی اعلیٰ رہنما بھی اس حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔