بین الاقوامی میڈیا اور آزادی صحافت کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموں نے رپورٹنگ کے لیے غزہ بھیجے جانے کا مطالبہ کر دیا۔
رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس سمیت دیگر تنظیموں نے ایک کھلے خط میں لکھا ہے کہ 20 ماہ سے اسرائیل نے صحافیوں کو غزہ میں داخلے سےروکا ہوا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
خط میں کہا گیا کہ میڈیا کو غزہ تک آزاد اور غیرمحدود رسائی دی جائے۔
کھلے خط میں ان صحافیوں کی حفاظت کا مطالبہ بھی کیا گیا جو محاصرے کے اندر سے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ غزہ میں اب تک تقریباً 200 صحافی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں جبکہ بہت سے زخمی ہیں۔ ایسے اقدامات پریس کی آزادی اور معلومات کے حق پر براہ راست حملہ ہیں۔
خط میں اپیل کی گئی کہ عالمی رہنما،حکومتیں اور تنظیمیں غزہ میں شہریوں کے ساتھ صحافیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فوری ایکشن لیں۔