صدر، وزیراعظم کا میانمر، تھائی لینڈ میں خوفناک زلزلے میں جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میانمر، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش میں خوفناک زلزلے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

صدرآصف علی زرداری نے تھائی لینڈ، میانمر میں زلزلے میں ہلاکتوں اور مالی نقصان پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں تھائی لینڈ اورمیانمر کی عوام کے ساتھ ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے غم میں شریک ہیں۔

وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ اور میانمر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ، ہماری دعائیں دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ ہیں ، دونوں ممالک کےلیے اس آفت سے جلد بحالی کےلیے دعاگو ہیں۔

واضح رہے کہ میانمر اور تھائی لینڈ میں زلزلوں کے ہلاکتوں کی تعداد 500 سے بڑھ گئی، 732 افراد زخمی ہیں جن میں مزید ہلاکتوں کا خدشہٓ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے قریب تھا اور جس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تک تھی۔

میانمر میں طاقتور 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد ریسکیو ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں دن رات مصروف ہیں۔